پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف مذاکرات کا اعلامیہ سامنے آگیا

April 24, 2022

پاکستانی وفد اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) حکام کے واشنگٹن میں ہوئے مذاکرات کا اعلامیہ سامنے آگیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے کے معاملے پر پاکستانی وفد اور عالمی مالیاتی ادارے کے حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف حکام سے مذاکرات میں پاکستانی وفد وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور دیگر حکام پر مشتمل تھا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقاتوں کے دوران وفد نے ساتویں جائزہ کو مکمل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مفتاح اسماعیل نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے غریب طبقے کو محفوظ رکھنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو عالمی تیل کی قیمتوں اور مالیاتی نظم و ضبط لانے کے لیے حکومت کی ترجیحات اور کوششوں کو بھی بیان کیا۔

ملاقاتوں کے دوران آئی ایم ایف نے پاکستانی وفد سے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ مشن چیف ناتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف کا مشن مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف وفد حکومت کی اعلان کردہ پٹرول اور بجلی پر سبسڈی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران پاکستانی وفد نے ورلڈ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)، نائب صدر اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران جاری پروگرام، قرضوں اور منصوبوں کی پیشرفت کے ساتھ ساتھ مزید امداد کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ورلڈ بینک کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد پر بینک حکام کا شکریہ ادا کیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو ورلڈ بینک کے ایم ڈی آپریشنز نے بھی پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔