ٹوئٹر کے بعد ایلون مسک کے نیٹ فلکس خریدنے کا انتظار

April 26, 2022

دُنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر خریدنے پر صارفین نے مزاحیہ اور طنزیہ میمز کی بارش کردی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان 44 ارب ڈالر میں فروخت کا معاہدہ طے پاگیا۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے ردّعمل سامنے آرہے ہیں، کسی کا کہنا ہے کہ اب ٹوئٹر آزاد ہے تو کسی نے کہا کہ اس سے ٹرمپ کو فائدہ ہوگا۔

ایک صارف نے کہا کہ میں اُس دن کا انتظار نہیں کرسکتی کہ جب ایلون مسک نیٹ فلکس بھی خرید لیں گے۔

میرو انصاری نامی صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک شخص اربوں کی رقم لیے کمرے میں بیٹھا ہے۔

صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ایلون مسک ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹر میں معاہدہ کرتے ہوئے۔

ایک بھارتی خاتون صارف نے کہا کہٹوئٹر کو بیداری کے پنجرے سے آزاد کرنے کا وقت آگیا ہے۔

روی نامی صارف نے ایک میم شیئر کی جس میں ایلون مسک ٹوئٹر کی قبر کے سامنے بیٹھے خوش ہورہے ہیں، صارف نے لکھا کہ ٹوئٹر مر چکا ہے۔

ولی خان صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ لوگ دُعا کرتے نظر آرہے ہیں۔

صارف نے کہا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کے ٹرمپ کے حامی خوش ہیں کہ اب اُن کا ٹرمپ واپس آجائے گا۔

کچھ صارفین نے ٹوئٹر کے سی ای او پراگ اگروال سے متعلق بھی مزاحیہ میمز شیئر کیے۔

واضح رہے کہ غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئے۔

رپورٹس کے مطابق یہ اب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سےبڑا سودا ہے۔