ہماری جماعت کی خواہش ہے مولانا فضل الرحمٰن کو صدر بنایا جائے: مولانا عبدالغفور حیدری

May 04, 2022

جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت کی خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو صدر بنایا جائے، اتحادی جماعتوں کا اس بارے میں جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں قبول ہو گا۔

قلات میں وفود اور میڈیا سے گفتگو کےدوران جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے کے باوجود اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کا کوئی وژن نہیں تھا، اس نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا،بلکہ اس نے ہمارے دوست ممالک کو بھی ناراض کیا۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سے قانون اور جمہوری طریقے سے نمٹنے کے لیےتیار ہیں، افسوس کچھ نادان اب بھی پی ٹی آئی کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کے بعد ملک میں عام انتخابات جلد ہونا چاہئیں، معیشت بہتر کر کے ہمیں الیکشن کی طرف جانا ہے۔

سیکریٹری جنرل جے یو آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔