طاقت کا استعمال کیا گیا تو پی ٹی آئی اور اٹھے گی، شیخ رشید

May 14, 2022


سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملک انتشار کی طرف جا رہا ہے، یہ لوگ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں، طاقت کا استعمال کیا گیا تو پی ٹی آئی اور اٹھے گی۔

سابق وزیرداخلہ، شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جاسکتا ہے، حکومت بے نقاب ہونے جارہی ہے، یہ لوگ اپنے کیسزختم کرانا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ 18 مئی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی جائیں گی، جو کھڈا اور سازش عمران خان کے لیے بنائی گئی تھی، اس کھڈے میں اپوزیشن خود گر گئی ہے، آصف علی زرداری نے ن لیگ سے پرانہ قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اداروں کو کمزور اور بے خبر سمجھتے ہیں وہ عقل کے اندھے ہیں، جس نیب کےقانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اسے ختم کیا جارہا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فیصل آباد، ملتان کا جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 20 مئی سے پہلے بھی ہوسکتا ہے۔