ابتدا میں لوگ مجھے کردار کے نام سے پکارتے تو برا لگتا تھا لیکن اب نہیں، پنکج ترپاٹھی

May 15, 2022

فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی کئی فلموں میں دلچسپ کردار ادا کرنے والے اداکار پنکج ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ ابتدا میں جب لوگ میرا نام نہیں بلکہ میرا کردار جانتے تھے تو مجھے برا سا لگتا تھا، لیکن اب جب وہ مجھے کردار سے پکارتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

سن 2004 میں فلم ’رن‘ میں ایک چند منٹ کے کردار سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے پنکج نے 2006 میں اومکارا میں بھی کام کیا، لیکن انہیں اصل شہرت 2012 کی فلم گینگ آف واسع پور کے کردار سلطان قریشی سے ملی۔

اپنے کیریئر کی ابتدا سے متعلق بات کرتے ہوئے پنکج کا کہنا تھا کہ 6 سے 7 برس قبل جب لوگ ملتے تو کہتے تھے کہ آپ اداکار ہو، آپ نے اس فلم میں سلطان کا رول کیا، تو میری ہمیشہ خواہش ہوتی کہ یہ میرا نام جانیں۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ’لیکن اب ہر کوئی میرا نام جانتا ہے، میرے کردار کو پسند کیا جاتا ہے اور مداح مجھے میرے کردار کے نام سے پکارتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ 46 سالہ پنکج ترپاٹھی دہلی میں اپنی آئندہ آنے والی فلم ’فُقرے تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔