• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش، عثمان ہادی، تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ، یونس سمیت لاکھوں شریک

اسلام آباد،ڈھاکا ( فاروق اقدس،جنگ نیوز) طلبا رہنما عثمان ہادی کا بنگلادیش کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ، محمد یونس سمیت لاکھوں افراد کی شرکت ، میدان ، سڑکیں، گلیاں لوگوں سے بھرگئیں،دو روزہ احتجاج اور ہنگاموں کے بعد دارالحکومت ڈھاکا میں تدفین،سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔ لاکھوں افراد نے دارالحکومت ڈھاکہ میں شریف عثمان ہادی کی تدفین میں شرکت کی، جو گزشتہ سال کے پروڈیموکریسی احتجاج کے کلیدی رہنما اور اگلے سال فروری میں ہونے والے انتخابات میں امیدوار ہونے والے تھے۔بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے پریس ونگ کے مطابق نماز جنازہ میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس ، ڈھاکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، سینٹرل سٹوڈنٹ یونین کے نائب صدر ابو صادق قائم اور انقلاب کے رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، عثمان ہادی کے انتقال پر بنگلہ دیش میں سوگ منایا جا رہا ہے، بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق انقلاب منچہ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ خاندان کی خواہش کے مطابق عثمان ہادی کو ڈھاکہ یونیورسٹی کے احاطے میں قومی شاعر قاضی نذر الاسلام کی قبر کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا ،پارٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہادی کے آخری دیدار کے لیے میت کو عوامی نمائش کے لیے نہیں رکھا جائے اور عوام سے گزارش کی گئی تھی کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کریں، رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کمپلیکس اور اس کے اطراف میں بھاری تعداد میں قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات اور پورے علاقے میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، اس دوران عبوری حکومت کی جانب سے علاقے میں ڈرون پرواز پر بھی پابندی عائد تھی۔

اہم خبریں سے مزید