میرانشاہ، خودکش دھماکےمیں 3 سکیورٹی اہلکار اور 3 بچے شہید، وزیراعظم کا شہدا کو خراج عقیدت

May 16, 2022

راولپنڈی،اسلام آباد(اے پی پی) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار اور تین معصوم بچے شہید ہو گئے.

شہداء میں لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر، سپاہی قاسم مقصوداور11سالہ احمد حسن ، 8سالہ احسن،4سالہ انعم شامل ہیں، خودکش حملہ آور اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی.

وزیر اعظم نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور بچوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت کے دشمن ، سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے.

قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب خودکش دھماکہ ہوا ہے اور اس خود کش حملے کے نتیجے میں لانس حوالدار زبیر قادر، عمر 33سال، ساکن پاکپتن، سپاہی عزیر اصفر، عمر 21سال سکنہ ہری پور، سپاہی قاسم مقصود، عمر22سال سکنہ ملتان اور3معصوم بچے 11سالہ احمد حسن، 8سالہ احسن، 4سالہ انعم نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

خفیہ ادارے خودکش حملہ آور اور اس کے ہینڈلرز/سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نےمیران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خودکش دھماکے میں شہید بچوں انعم، احسن اور احمد حسن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں، اپنے شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے، شجاعت و شہادت ہماری افواج کی تابناک روایت ہے، ہمارے شہداءنے اسے برقرار رکھا ہے.

وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اورشہدا کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نےکہا ہےکہ سیکورٹی اہلکاروں اور بچوں کی شہادت کا واقعہ انتہائی دل خراش ہے .

واقعہ میں ملوث عناصر اور انکے سرپرست سخت ترین سزا کے حقدار ہیں،کوئی مذہب اور معاشرہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔