پی ٹی آئی جلسے میں ناقص لائٹنگ، زیرحراست ٹھیکیدار رہا

May 18, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں لائٹنگ کے انتظامات ناقص ہونے کے الزام میں حراست میں لیے گئے، ٹھیکیدار کو پولیس نے رہا کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کی شکایت پر تھانے بلا کر بٹھائے گئے ٹھیکیدار شیخ انوار کو رہا کر دیا گیا۔

کوہاٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھیکے دار شیخ انوار پر شہر یار آفریدی نے عمران خان کے جلسے کی لائٹنگ کا کام صحیح نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار شیخ انوار کو تھانے میں بلا کر تنبیہہ کر کے چھوڑ دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحت کوہاٹ میں ہونے والے جلسے میں لائٹنگ کے ناقص انتظامات پر پولیس نے ٹھیکیدار کو تھانے میں روک لیا تھا، جلسے سے سابق وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا تھا۔

ٹھیکیدار شیخ انوار کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں سے جنگل خیل تھانے میں رکھا ہوا ہے، شہر یار آفریدی کی شکایت پر پولیس نے کل رات سے تھانے میں بٹھا رکھا ہے۔

ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ لائٹنگ اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن طوفان کی وجہ سے بجلی کے چند کھمبے گر گئے، جبکہ شہر یار آفریدی کے ذمے 35 لاکھ روپے کی رقم بھی واجب الادا ہے۔