مسلم لیگ ن قومی وحدت کی علامت اور یہی پاکستان کو واپس ٹریک پر لاسکتی ہے، حاجی پرویز

May 20, 2022

پاکستان مسلم لیگ ن بیلجیئم نے کہا ہے کہ ملک میں تقسیم بڑھ گئی ہے لیکن دوسری پارٹیوں کی دشمنی ہماری تربیت میں نہیں۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن بیلجیئم کی جانب سے مقامی ریستوران میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن بیلجیئم کے صدر حاجی پرویز نے کہا کہ بھائی کو بھائی کا دشمن بنایا جارہا ہے اور اب نوجوانوں کو اداروں کے خلاف بھڑکایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا مزاج جارحانہ نہیں ہے۔ ہماری جماعت نے ہمیں لڑنا نہیں سکھایا۔ ہم سب کو ساتھ لیکر چلنے کے عادی ہیں۔ اسی لیے مسلم لیگ کی کارکردگی شاندار رہی۔

حاجی پرویز نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کبھی بھی فوج کے خلاف نہیں رہے۔ وہ فوج کی دل سے عزت کرتے ہیں۔ صرف وہ لوگ ان کی تنقید کا نشانہ بنے جو اداروں کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے۔ ایسی ہی جماعت کے کارکن ہونے کے ناطے میں دوسری جماعتوں کے کارکنان کو کہتا ہوں کہ سیاست آنی جانی ہے لیکن ذاتی احترام کو ختم نہ ہونے دیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے راہنماؤں شیخ ماجد، راجہ خالد، عمیر بٹ اور ملک لیاقت نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن قومی وحدت کی علامت ہے۔ یہی وہ جماعت ہے جو پاکستان کو واپس ٹریک پر لاسکتی ہے۔ ان مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں انتشار کی سیاست جنم لے رہی ہے۔ اختلاف رائے ایک فطری عمل ہے لیکن گالی گلوچ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ملک اخلاق نے عمران حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ کی مقامی قیادت سے کہا کہ وہ میاں شہباز شریف سے کہیں کہ وہ ڈٹ کر کھڑے رہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز دانشور راؤ مستجاب احمد نے کہا کہ آئین سے انحراف کرکے پاکستان نہیں چل سکتا۔ اس لیے جب تک تمام قوتیں اس کا احترام نہیں کریں گی، اس وقت تک ہمارے مسائل کم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے تمام سیاسی قوتوں کو تلقین کی کہ وہ سیاسی اختلاف کم کریں۔ تقریب میں تلاوت کی سعادت کاشف محمد صادق نے حاصل کی جبکہ شہباز نعیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔