ن لیگ کا ہر روز ایک استعفیٰ آئے گا، چوہدری پرویز الٰہی کا دعویٰ

May 22, 2022

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کا ہر روز ایک استعفیٰ آئے گا۔

پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں اپنے خلاف ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر چوہدری پرویز الہٰی نے ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف یہ جتنی مرضی تحریک عدم اعتماد جمع کروالیں، کچھ بھی نہیں ہونے والا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ان کا ہر روز ایک رکن اسمبلی مستعفی ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے آج اپنا استعفیٰ اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کو دیا تھا۔

چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف ایک بار پھر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی، جس پر خلیل طاہر سندھو، میاں رؤف، سمیع اللّٰہ خان اور مرزا جاوید کے دستخط ہیں۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد وصول کرلی۔