بھارتی فلم میں ایک اور گانا کاپی کیے جانے پر ابرار الحق برہم

May 22, 2022

فوٹو فائل

پاکستان کے معروف گلوکار ابرارالحق نے بھارتی فلم میں اپنا ایک اور گانا کاپی کیے جانے پر بالی ووڈ کے پروڈیوسر کرن جوہر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ابرار الحق نے مشہور گانے نچ پنجابن کو فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی بھی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں کیے۔

ابرارالحق نے کہا کہ میں اپنے گانے کو بھارتی فلم میں استعمال کیے جانے پر ہرجانے کے لیے کورٹ جانے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔

گلوکار نے کہا کہ کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرا چھٹا گانا کاپی کیا جارہا ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا۔

واضح رہے کہ دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے مشہور گانے ’نچ پنجابن‘ کو کاپی کیا گیا ہے۔