پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے برطانیہ میں پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر لب کشائی کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈزنی کی مسلمان سُپر ہیرو پر بنی ویب سیریز ’مِس مارول‘ سے بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو دینے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اور بھارتی ریپر و گلوکار یو یو ہنی سنگھ برطانیہ میں تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
گزشتہ برس نومبر میں ریلیز ہونے والی ’جٹ مکھما‘ نامی گانے کی ویڈیو کے خلاف برطانوی حکومت کو باضابطہ شکایت موصول ہوئی، جس میں کم عمر لڑکوں کو مہوش حیات کے ساتھ جعلی خودکار ہتھیاروں اور شاٹ گنز سے فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام اور سماجی مبصرین نے اس ویڈیو کو ’تشدد کی پریشان کن ترویج‘ قرار دے کر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی ہوم آفس مہوش حیات اور ہنی سنگھ دونوں کے خلاف اخراجی احکامات پر غور کر رہا ہے، جس کا مطلب یہ ہو گا کہ ان دونوں کو برطانیہ میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔
تاہم پاکستانی اداکارہ نے تمام زیرِ گردش خبروں کی تردید کی اور انہیں بےبنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میں ذمہ دار میڈیا پلیٹ فارمز سے گزارش کرتی ہوں کہ اس طرح کے بیانات کو شیئر کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کریں۔ خاص طور پر جب ایسے بیانات کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ نے غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس طرح کی اہدافی معلومات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔