سپرہائی وے پر ریسٹورنٹ میں 50 لاکھ کی ڈکیتی

May 23, 2022

جنگ فوٹو

کراچی میں سپرہائی وے پر ایک ریسٹورینٹ سے 4 مسلح ملزمان 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ریسٹورنٹ مالک کے مطابق ملزمان 50 لاکھ سے زائد کیش رقم لوٹ کر فرار ہوئے، 4 ملزمان نے ریسٹورنٹ میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا۔

ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ بھی کی، ایک گھنٹہ لوٹ مار کے دوران ملزمان نے ریسٹورنٹ کے کئی دروازے بھی توڑ دیئے۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق واردات کے وقت سیکیورٹی گارڈ موجود تھا مگر مبینہ طور پر اس نے مزاحمت نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی مختلف پہلؤوں سے تحقیقات کررہے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں جبکہ مالکان کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ڈی وی آر بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔

پولیس تفتیش کا دائرہ بڑھانے کیلئے اطراف سے فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات کی تمام سیل صبح بینک میں جمع کرانے کے لیے لے جائی جانی تھی کہ ملزمان لوٹ کر لے گئے۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق رقم 40 لاکھ روپے سے زائد لگائی گئی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس واردات میں مبینہ طور پر گھر کے بھیدی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔