کورونا کے بعد کا یورپ

May 25, 2022

ہالینڈ کی ڈائری..... راجہ فارو ق حیدر
کوویڈ 19کی وجہ سے دوسال سے زائدعرصہ سے دنیا بھر میں سیا حت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی بُری طرح متاثر ہوئے،لوگ گھروں میں بند ہوکر گٹھن کا شکار ہوگئے اور معاشی طور پر بھی متاثر ہوئے، کورونا وبا ایک بڑا کٹھن وقت تھا ،لاکھوں افراد لقمہ اجل بن گئے، آخر اللہ کریم نے انسانیت پر رحمت الللعا لمینﷺ کے صدقے رحم فر مایا،آج یورپی ممالک میں بھی حا لات معمول پر آ گئے ہیں،راقم گذ شتہ نصف صدی سےہالینڈز کے وسطی شہر دی ہیگ میں عالمی عدالت کے قریب رہائش پذ یر ہے، ہم پاکستانی سیرو تفریحی کے لئے جب بھی کسی ملک کا انتخاب کرتے ہیں تو بر طانیہ کو تر جیح دیتے ہیں، مانچسٹر میں میرے بچے کاروبار سے منسلک ہیں، اس لحاظ سے بھی مانچسٹر میرا دوسرا گھر ہے، مانچسٹر آکر خالص پاکستان کا ماحول ملتا ہے، زائقہ دار کھانوں کے علاوہ مشاعرے، ادبی، مذ ہبی تقریباتمیں شرکت کا موقع مل جاتا ہے، گزشتہ دنوں مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ایک روحانی مذ ہبی شخصیت امیر عبد القدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں قونصلر جنرل طارق وزیر اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، انھوں نے برٹش پاکستانیوں سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان میں جس پارٹی کی بھی حکومت ہو پاکستان آپ کا اپنا وطن ہے، آپ تعمیر پاکستان کی خوشحالی کے لئے کام کریں، انھوں نے کہا یہ وطن ہمارے آبائو اجداد نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا،ہمیں اپنے وطن کو مزیدمستحکم کرنا ہے، انھوں نے اُمت مسلمہ کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سرکار مدینہﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنا ہوگا ،انھوں ’’سرا ج المنیر ‘‘کے مو ضو ع پر گفتگو کرتے کہا کہ ہمیں اپنی زند گی اسلام کے سنہری اصولوں پر گزارنا ہوں گی، جب ہم اچھے ہوںگے اصلاح معاشرہ بھی ہو جائے گا۔ کوویڈ 19سے پہلے میں جب بھی مانچسٹر آتا تو پاکستان کمیونٹی سنٹر مانچسٹر میں روزانہ شام کو سینئرشہریوں کی نشست ہوتی تھی جس میں شیخ سعید ،چوہدری محمد طفیل، صفدر بلوچ، محمد فیاض، محمد عالم پنوار مرحوم ،چوہدری محمد انور کھاریاں، سید فیصل ،منظور باجوہ ،اے قریشی اور دیگر کئی پاکستانی شرکت کرتےتھے۔ اس بار دو سال بعد دوستوں نے میرے اعزاز میں تقریب منعقد کی، کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے دوستوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس عرصے میں اتنے دوست اللہ کو پیارے ہو گئے کہ کس کس کا غم پیش کرو، ڈائری لکھ رہا تھا کہ بولٹن سے صحافی دوست ابرار کا فون آیا کہ برطانیہ کے سینئرصحافی مرحوم سید احمد نظامی کی پہلی برسی کر رہے ہیں ،کیا کمال کے آدمی تھے ،مرحوم کے ساتھ بڑی یادیں وابستہ ہیں۔ میرے پاس ہالینڈ بھی تشریف لائے ،اللہ پاک سب پر اپنی رحمتوں کا نزول کرے،آمین۔