المصطفیٰ کے زیر اہتمام اٹک خورہ خیل میں ہسپتال کا افتتاح

April 27, 2024

لندن (پ ر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے پاکستان کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو کے گاؤں خورہ خیل میں المصطفیٰ ہسپتال کا افتتاح کردیا ۔ افتتاحی تقریب میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسی سکیلنن، کینیڈا سے عقیل خان، پرویز خان، لندن بارو ہنسلو کے میئر افضال کیانی، المصطفیٰ ویلفیر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی ایم ڈی صدف جاوید، اقرار الحسن، سید قاسم علی شاہ، المصطفیٰ پاکستان کی ہیڈ آف مینجمنٹ نصرت سلیم، المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کے سرجن پروفیسر ڈاکٹر شاہد نذیر، طارق محمود، نواز کھرل، اکبر چوہدری، سجاد اظہر کے علاوہ مقامی ایم این اے، ایم پی اے اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کی پاکستان میں ہائی کمشنر لیسی سکیلنن نے المصطفیٰ کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ اس سلسلے میں کینیڈین حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر اردو میں گفتگو کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ لندن بارو آف ہنسلو کے میئر افضال کیانی نے خطاب میں المصطفیٰ کی تمام دنیا میں جاری سرگرمیوں کو سراہا اور بتایا کہ وہ خود اِن تمام سرگرمیوں کے گواہ ہیں اور صرف اسی وجہ سے ہم نے المصطفیٰ کو اپنی آفیشل چیرٹی مقرر کیا۔ المصطفیٰ ویلفیر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی ایم ڈی صدف جاوید نے پاکستان سمیت دنیا کے 22 ممالک میں جاری منصوبوں بارے آگاہ کیا اور مستقبل کے پروگرامز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں چئیرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبدالرزاق ساجدکی طرف سے تمام شرکاء اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا سید قاسم علی شاہ ،اقرار الحسن نے بھی خطاب کیا۔