براعظم ایشیا موسمیاتی آفات سے زیادہ متاثر، 2 ہزار ہلاکتیں

April 27, 2024

لیڈز(زاھدانور مرزا)براعظم ایشیا کو سب سے زیادہ موسمیاتی آفات کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں موسمیاتی آفات سے ،2ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق براعظم ایشیا گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کا سب سے زیادہ آفت زدہ خطہ رہا۔دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی والے براعظم کو خشک سالی اور ہیٹ ویو سے لے کر سیلاب اور طوفانوں تک شدید حالات کا سامنا کرنا پڑا۔عالمی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سیلاب اور طوفانوں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ایشیا کو 79موسمیاتی آفات سے دوچار ہوا۔ جس میں سے 80 فیصد سے زیادہ سیلاب اور طوفان سے متعلق تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ایشیا عالمی اوسط کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے گرم ہو رہا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے کے بہت سے ممالک گزشتہ سال ریکارڈ گرم ترین رہے، شدید گرمی کے سبب ایشیا میں گلیشئرز بھی تیزی سے اپنا حجم کھو رہے ہیں جو خطرے کی علامت ہے۔