گرفتاری کیلئے چھاپہ، PTI کارکن کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید

May 25, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کیلئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈائون کیا گیا جس میں سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا، رہنمائوں کی اکثریت روپوش ہوگئی، ماڈل ٹائون لاہور میں پولیس چھاپے کے دوران گھر کی چھت سےفائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا.

پولیس کے مطابق گولی کانسٹیبل کمال احمدکےسینےمیں لگی،ملزم باپ بیٹےکواسلحےسمیت گرفتار کرلیاگیا،پولیس نے پی ٹی آئی ساجد بخاری کی رہائش گاہ 112 سی ماڈل ٹائون پر ریڈ کیا تھا،پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ باپ بیٹا فائرنگ کا اعتراف کررہے ہیں.

فرانزک کے بعد ملزمان کی نشاندہی ہو جائیگی، ماڈل ٹائون پولیس نے کانسٹیبل کمال احمد کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے ملزمان سید خادم حسین اور اسکے بیٹے مکرم بخاری کیخلاف دہشت گردی ایکٹ ، قتل، اقدام قتل ، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ سب انسپکٹر محمد مشتاق کی مدعیت میں درج کیا گیا.

راولپنڈی میں پولیس نےلال حویلی پر چھاپہ مارا،پولیس کارروائی میں شیخ رشید،راشدشفیق،راجہ بشارت سمیت کوئی رہنماگرفتارنہ ہوسکا، بابر اعوان، حماد اظہر، فردوس عاشق اعوان، علی نوید بھٹی، جمشید اقبال اور دیگر کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

کراچی پولیس نے گلشن اقبال سےسیف الرحمان محسود کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لے لیا،کراچی میں سعید آفریدی، پی ٹی آئی بلال غفار،ارسلان تاج گھمن ، شہزاد قریشی کے گھروں پر بھی چھاپے مارےگئے تاہم کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔

قصور پولیس نے راشد طفیل،شاہدرہ میں یاسر گیلانی،شیراکوٹ میں سعید احمد خان کے گھر چھاپہ ماراگیا ،آزادی مارچ روکنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری کو راولپنڈی پہنچا دیا گیا ، آنسو گیس، قیدی گاڑیاں اور دیگر سامان بھی پولیس دستوں کو فراہم کردیا گیا، لاہورنمائندہ جنگ کےمطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں پی ٹی آئی کے 13سرکردہ قائدین سمیت پارٹی کی مالی معاونت کرنے والے 24افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران پنجاب سے 1709ٹارگٹڈ ورکرز جبکہ 1016عام ورکرز کو گرفتار کیا گیا پی ٹی آئی کے سب سے زیادہ ورکروں کو ملتان اور راولپنڈی ڈویژن سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ملتان ڈویژن سے 620، راولپنڈی سے 448اور گوجرانوالہ ڈویژن سے 384ٹارگٹڈ ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف کی دوسرے درجے کی لیڈر شپ کے 52قائدین اور 6ٹرانسپورٹرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہید کانسٹیبل کمال احمدکے بھائی عبدالستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ساجد حسین بخاری نے فائرنگ کی جس سے میرا بھائی مر گیا، رات 2 بجے فون آیا بھائی کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، پھر 2 منٹ کے بعد دوبارہ فون آیا بھائی کمال احمد کا انتقال ہوگیا، ہم یہ سمجھتے رہے اس کی شاید طبیعت خراب ہوگئی۔ شہید کانسٹیبل کے بھائی نے کہا کہ اقتدار کی خاطر غریب لوگوں کو مار رہے ہیں۔

کانسٹیبل کمال احمد کے بڑے بھائی اقبال نے بھی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکام بالا ہمیں انصاف دلوائیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق کمال احمدتھانہ ماڈل ٹائون میں فراض سرانجام دے رہا تھا۔کمال احمدگرین ٹائون کارہائشی، اپریل 2007 میں پولیس فورس جوائن کی تھی،سوگواران میں 3 بیٹے 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔دریں اثناء پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے محمود الرشید کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا ہے .

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی رہنماشفقت محمودکےگھر پر بھی چھاپہ مارا ہے ، پولیس ٹیم تلاشی کےبعدواپس روانہ ہوگئی ، شفقت محمود گھر پر موجود نہیں تھے،شفقت محمود کی جانب سے گھر پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کی گئی ہے ۔