اکشے کمار کے پڑوسی کے پاس ہر مسئلے کا کیا حل ہے؟

May 26, 2022

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنے ایک پڑوسی کے بارے میں پرمزاح اسٹوری سناتے ہوئے بتایا کہ وہ ہر ایک کو تمام مسائل کے حل کے لیے پپیتا کھانے کا مشورہ دیتا تھا۔

اکشے نے یہ مزاحیہ کہانی معروف بھارتی کامیڈین، ٹیلی ویژن ہوسٹ، اداکار اور کپل شرما شو کے میزبان کپل شرما کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سنائی۔

یاد رہے کہ اکشے اپنی آئندہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم پرتھوی راج کی شریک اداکار منوشی چھلر اور فلم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر چندرا پرکاش دیویدی کے ساتھ فلم کی پروموشن کے لیے شو میں شریک تھے۔

اس موقع پر کپل کے ساتھ فٹنس پر پُرمزاح انداز میں گفتگو کرتے ہوئے اکشے نے اپنے پڑوسی کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس ہر مرض کے لیے ایک ہی مشورہ ہوتا کہ پپیتا کھاؤ۔

اکشے کے مطابق انہیں کافی عرصے بعد میں پتہ چلا کہ ان کا یہ پڑوسی دراصل لوکھنڈ والا مارکیٹ میں پپیتا فروخت کرتا تھا۔

اکشے کمار کی اس گفتگو کو ان کے پرستاروں نے کافی پسند اور سوشل میڈیا پر کمنٹس بھی کیے۔

واضح رہے کہ فلم پرتھوی راج میں جو دیگر اداکار ہیں ان میں سونو سود اور سنجے دت بھی شامل ہیں اور فلم 3 جون کو ریلیز ہوگی۔