عمران خان نے ڈھٹائی سے اسلحہ موجودگی کا اعتراف کیا، شازیہ مری

May 31, 2022

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈھٹائی سے اسلحے کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شازیہ مری نے کہا کہ غریب ترین طبقے کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثر سے بچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1 کروڑ 40 لاکھ گھرانوں کےلیے 28 ارب کا پیکیج تیار کرلیا، کابینہ نے منظوری دے دی ہے، آغاز جون میں ہوگا۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ میں شامل 8 ملین لوگوں کو اضافی امداد دی جائے گی، حکومت کی کوشش ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل کا وفاق پر حملے کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، عمران خان کا جتھوں کے پاس اسلحے کی موجودگی کا اعتراف چھوٹی بات نہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کابینہ نے ای سی سی کے ایک فیصلے کی توثیق کی جو کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے تو ایک ریلیف پیکیج کا پلان بھی بنایا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر مہنگائی پر پڑتا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ سابقہ حکومت کے پشاور بی آر ٹی، راولپنڈی رنگ روڈ، گوگی اسکینڈل جیسے کئی معاملے ہیں۔