• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا فرق رہ گیا عمران خان اور دہشت گرد میں؟ مریم نواز کا سوال

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نےاستفسار کیا ہے کہ کیا فرق رہ گیا عمران خان اور دہشت گرد میں؟

مری میں ن لیگ کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہاکہ عمران خان پاکستان کا نقصان کرنے پر تلے بیٹھے ہیں، پاکستان آپ کے خلاف نیا رد الفساد لانچ کرے گا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا فرق رہ گیا عمران خان اور دہشت گرد میں؟ اگر یہی دہشت گردی کرنی تو اپنے چہرے سے سیاسی نقاب ہٹائیں پھر ریاست پاکستان آپ کا مقابلہ کرے گی اور جیتے گی۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہاکہ عمران خان کی مثال اُس بندر کی سی ہے، جس کے ہاتھ میں ماچس ہے اور اگر اسے کچھ کھانے کو نہیں ملا تو سب کو آگ لگا دے گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں، یہ سارا خزانہ خالی کر کے گیا ہے، اب یہ اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دے رہا ہے کہ مجھے بچالو۔

مریم نواز نے یہ بھی کہاکہ اس نے تحریک عدم اعتماد سے ایک دو دن پہلے زرداری صاحب کے پاس لوگ بھیجے کہ مجھے بچا لو،یہ دن میں جن کو تھری اسٹوجز بولتا تھا رات میں اُن کے پیروں میں پڑتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ وفاق پر حملہ آور ہونے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کئے گئے،امریکا کو للکارنے والا لیڈر گرفتاری کے ڈر سے پشاور کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے۔

ن لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ جب اس کو کہیں سے جواب نہیں ملا تو اب عدلیہ کو نشانہ بنا رہا ہے،یہ عدلیہ کے چند ججز کو ثاقب نثار جیسا بنانا چاہتا ہے، میں کہتی ہوں عدلیہ کو اپنی سیاست سے دور رکھو۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ یہ اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دیتا رہا لیکن وہ نمبر تو بدل گیا،پہلے مدد کےلیے پکارتا رہا ، جب انہوں نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا تو انہیں میر جعفر اور میر صادق کہنے لگا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے انقلاب لانا تھا لیکن سامنے رانا تھا،رانا ثناء اللہ آج پورے پاکستان کا ہیرو ہے،فساد اس سے زیادہ کیا ہوسکتا ہے، جو کچھ تم نے کیا ،اُس سے انقلاب کا راستہ کھلا نہیں بلکہ بند ہوگیا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ لوگ جہاد نہیں فساد کر رہےہیں اور اس فساد کو روکنا عین جہاد ہے، جس پر تم نے منشیات کا جھوٹا کیس بنایا آج وہ انتشار کرنے والوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے عمران خان کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا، پوچھتی ہوں ایک شخص نے اپنی کرسی کی خاطر صوبے کے معصوم بچوں کو کیوں مروایا؟

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ ان کے پاس اسلحہ تھا، لانگ مارچ سے پہلے رانا ثناء اللّٰہ بھی یہی کہہ رہے تھے کہ یہ لوگ مسلح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اپنے بچے جہاد کی فرنٹ لائن میں کیوں نہیں کھڑے ہوتے؟ یہ گھناونی سازش کر رہا ہے ہے کہ اگر میرا اقتدار نہیں رہا تو ہر جگہ آگ لگا دوں گا۔

مریم نواز نے کہاکہ ان کے پاس کوئی جواز نہیں رہ گیا کہ یہ لوگ کہیں کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے،ن لیگ نے اتنے جلسے کیے ،کہیں کوئی اسلحہ نظر آیا؟ہمارا مقصد فتنہ، شر اور فساد پھیلانا نہیں ہے، ان کی تحریک پر تشدد تحریک میں بدل چکی ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ پچھلی حکومت نے سیاسی انتقام اور اپنے ذاتی مفاد اور فائدے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہاکہ عمران خان پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر چلا گیا ہے،کل شہباز شریف سے میٹنگ ہوئی تو پتہ چلا کہ اس وقت ملک کے اصل میں کیا حالات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بیوقوفی سے تمام دوست ملکوں سے تعلقات خراب کئے، سب کو ناراض کیا،ہمارے دور حکومت میں ترکی نے جو منصوبے شروع کئے، انہیں پی ٹی آئی کی حکومت نے بری طرح کرش کیا گیا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ترکی کے سارے منصوبے تعطل کا شکار ہیں،وزیر اعظم صاحب ترکی اس لئے گئے ہیں کہ جو منصوبے ان کی نااہلی کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں انہیں دوبارہ چلایا جائے۔

اُنہوں نے سوال کیا کہ فرح گوگی کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے پر کس نے بٹھایا تھا؟ کون تبادلے اور تقرریوں کے لئے پیسے لیتا تھا؟

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ دراصل سارے پیسے بنی گالا جاتے تھے،فرح گوگی عمران خان اور اُن کی اہلیہ کی فرنٹ ویمن تھی۔

قومی خبریں سے مزید