تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

June 02, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آرٹیکل 224 (6) کے خلاف ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا، مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی ترجیحاتی لسٹ پر نوٹیفکیشن ہونا چاہیے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ‏الیکشن کمیشن پر پہلے ہی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی 5 مخصوص نشستوں پر نئے ارکان کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی ان 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بعد متناسب نمائندگی کے تحت کیا جائے گا۔