ایوارڈ شوز کی خاطر اپنی فیملی کو نہیں بیچ سکتی: فضیلہ قاضی

June 07, 2022

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ فضیلہ قاضی نے ایوارڈ شوز میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی فیملی کو سوشل میڈیا پر فروخت نہیں کرسکتیں۔

فضیلہ قاضی نے سینئر اداکار و میزبان نعمان اعجاز کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

نعمان اعجاز نے فضیلہ قاضی سے سوال کیا کہ ’وہ ایوارڈ شوز میں شرکت کیوں نہیں کرتیں؟‘

اس سوال کے جواب میں فضیلہ قاضی نے کہا کہ ’مجھے بھی بہت دُکھ ہوتا ہے کہ ہر بار وہی 18 سے 20 چہرے ایوارڈ شوز میں نظر آتے ہیں۔‘

فضیلہ قاضی نے کہا کہ ’مجھے بہت بُرا لگتا ہے کہ میں سوشل میڈیا فالوورز کی خاطر اپنا بچہ، شوہر، بیڈ روم اور دیگر سرگرمیاں فروخت کردوں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ایوارڈ شوز میں صرف اُنہی کو بُلایا جاتا ہے جن کے سوشل میڈیا فالوورز زیادہ ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’شوبز ویسے ہی جعلی دُنیا ہے لیکن اب سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ انڈسٹری مزید جعلی ہوگئی ہے۔‘