جامعہ کراچی: ڈائریکٹر بینظیر چیئر کی خلافِ میرٹ تقرری کی کوشش کا انکشاف

June 21, 2022

فائل فوٹو

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر جامعہ کراچی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر کے ڈائریکٹر کی میرٹ کے برخلاف تقرری کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔

جنگ نے ’محمد ابراہیم شیخ‘ نامی شخص کی چیئر کے ڈائریکٹر کی تقرری کے سلسلے میں کی گئی درخواست اور ہدایت محکمہ بورڈز و جامعات کے دفتر سے حاصل کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی نے محکمہ بورڈ و جامعات کی ہدایت پر تقرری کا خط بھی تیار کرلیا ہے۔

درخواست وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے محکمہ بورڈز و جامعات کو بھیجی گئی ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ’براہ کرم تقرری کے لیے کارروائی کی جائے‘۔

واضح رہے کروڑوں روپے کے فنڈز سے قائم شہید بینظیر چیئر میں طویل عرصے سے کوئی ڈائریکٹر نہیں ہے اور جب سے یہ چیئر قائم ہوئی ہے کوئی قابل ذکر تحقیق نہیں کی گئی ہے۔

جنگ نے جامعہ کراچی کے پی آر او ذیشان عظمت سے جب مؤقف کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ قائم مقام وی سی ناصرہ خاتون یا قائم مقام رجسٹرار سے مؤقف لے کر دیتے ہیں، تاحال ان کی جانب سے کوئی مؤقف نہیں آیا۔