سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کا پاکستان کا دورہ

June 22, 2022

اسلام آباد (اے پی پی) سعودی عرب کے ایک اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد نے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے ساتھ ایک مقامی ہوٹل میں دلچسپی کے شعبوں میں بی ٹو بی ملاقاتیں کیں۔ وفد میں خوردنی تیل، فوڈ پروسیسنگ، تجارت، تعمیراتی مواد، سیاحت و مہمان نوازی، مینوفیکچرنگ، طبی سامان و آلات ، فنٹیک، فارماسیوٹیکل اور انفراسٹرکچر سروسز سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔ وفد اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ پاکستان میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فائدہ مند نتائج حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی حکومتی تعلقات کی طرز پر مضبوط تجارتی تعلقات قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے آپس میں مضبوط روابط قائم کر کے ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 20فیصد افرادی قوت پاکستان سے ہے اور ان کا ملک پاکستان سے مزید تربیت یافتہ ورکرز درآمد کرنا چاہتا ہے، سعودی عرب کی معیشت کے کئی شعبوں بشمول کیمیکل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ اور سیاحت میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کانکنی و معدنیات، تیل و گیس، ہاؤسنگ و تعمیرات، انفراسٹرکچر کی ترقی، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، خوردنی تیل، لاجسٹکس، کھیل، رینیوایبل انرجی، سیاحت اور مہمان نوازی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجودہیں ۔