جرمنی میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل

June 25, 2022

سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ فوٹو بشکریہ: سفارتخانہ پاکستان برلن، جرمنی

سفارتخانہ پاکستان برلن کے زیر اہتمام جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں، مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور مقامی جرمن افراد کے لیے آرٹ اور موسیقی کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔

سفارتخانہ پاکستان کے اعلامیے کے مطابق اس تقریب کا مقصد مہمانوں کو پاکستان میں موجود فنون لطیفہ کے روایتی اور فنی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے کئی شاندار اور ہنر مند افراد سے نوازا ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

تقریب میں شریک مہمانوں نے پاکستان کے رنگ اور سُروں سے سجی خوبصورت تقریب کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفیر نے اس طرز کی دیگر تقریبات منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں موجود آرٹ سے منسلک کاوشوں اور فنکاروں کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر روشناسی و پزیرائی مل سکے۔

تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر سلیمہ ہاشمی نے خاص طور پر پاکستانی خواتین فنکاروں کے مختلف ادوار میں کیے گٸے کام کے ارتقاء اور فن کے بارے میں ماہرانہ تبصرہ کیا۔

سلیمہ ہاشمی کی سیر حاصل گفتگو کے بعد استاد اشرف شریف خان اور ساتھیوں نے شرکاء کو اپنی خوبصورت موسیقی سے محظوظ کیا۔ استاد اشرف اور ان کے ساتھی یورپ کے طول و ارض میں کامیابی کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

تقریب میں شریک مہمانوں نے فنکاروں کے فن کی خوب داد دی

انہوں نے روایتی مشرقی موسیقی کو جدید طرز سے ہم آہنگ کر کے دنیا خصوصاً یورپ میں اپنا نام بنایا ہے۔

تقریب میں شریک مہمانوں نے فنکاروں کے فن کی خوب داد دی اور پاکستان کے رنگ اور سُروں سے سجی خوبصورت تقریب کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔