کراچی میں 30 جون سے موسم بہتر ہو گا، 2 جولائی کو بارش ہو گی

June 27, 2022

—فائل فوٹو

ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی حبس اور گرمی کی لپیٹ میں ہے، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِقائد کے موسم میں 30 جون سے بہتری آنے لگے گی جبکہ یہاں بارش 2 جولائی سے ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران کراچی شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرۂ عرب میں بھارتی گجرات کے قریب ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، اس ہوا کے کم دباؤ سے کراچی میں دن میں سمندری ہوائیں نہیں چل رہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 30 جون سے مون سون ہوائیں خلیجِ بنگال کی سمت سے داخل ہوں گی جن کے باعث کراچی میں جمرات سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بحیرۂ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پر اثر انداز ہوں گی، جبکہ ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہو گا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا ہے کہ مون سون کا یہ سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں میں اثر انداز ہو سکتا ہے، اس کے تحت سندھ میں تھر پارکر، عمر کوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 جولائی کی شام یا رات کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے، مون سون کا یہ سسٹم ملک کے جنوب، سندھ اور بلوچستان میں زائد بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مزید بتایا ہے کہ کچھ علاقوں میں 3 سے 4 دن اور کچھ علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حالیہ موسمیاتی جائزے کے مطابق یہ سسٹم تیز بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔