چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم رہے گا، اس دوران درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آج رات شہرِ قائد میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ پری مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم سندھ سے آگے بڑھ رہا ہے۔
’’کراچی میں دن میں گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی‘‘
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی، جبکہ شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہو جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے تحت سندھ کے مشرقی حصے میں کہیں کہیں بارش کا امکان رہے گا، سکھر، خیر پور، دادو اور سانگھڑ میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق یہ سسٹم کل پاکستان کے شمالی حصے میں پہنچے گا، اس سسٹم کے سندھ سے نکلنے کے باعث بالائی سطح پر ہواؤں کا رخ تبدیل ہو گا۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 24 جون سے وسطی و بالائی سندھ میں گرمی پھر بڑھ جائے گی جس سے درجۂ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں جولائی کے پہلے ہفتے میں مون سون کی بارشوں کا امکان ہے۔