گوگل کا پرانی میسجنگ ایپ ہینگ آؤٹس بند کرنے کا اعلان

June 30, 2022

گوگل نے تقریباً ایک دہائی کے بعد اپنی میسجنگ ایپ ہینگ آؤٹس کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ گوگل چیٹ پر منتقل ہوجائیں۔

گوگل نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ نومبر 2022 کے شروع میں ہینگ آؤٹ سروس کو بند کیا جارہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کا چیٹ ڈیٹا خودکار طور پر ہینگ آؤٹس سے گوگل چیٹ پر منتقل کردیا جائے گا۔

اگر آپ اپنے فون یا ڈیسک ٹاپ پر ہینگ آؤٹس کا استعمال کرتے ہیں، تو امکان ہے کہ جلد گوگل آپ کو چیٹ پر جانے کا اشارہ دے۔

واضح رہے کہ ہینگ آؤٹس اصل میں گوگل پلس کا حصہ تھا جو کہ صارفین کو دوسروں تک پیغام بھیجنے اور انہیں ویڈیو کال کرنے کی سہولت فراہم کرتا تھا، بعد ازاں اسے دیگر سروسز کا حصہ بنا دیا گیا۔

گوگل نے 2020 کے آخر میں ہینگ آؤٹس کے صارفین کے لیے متعدد تبدیلیوں کا اعلان بھی کیا تھا۔