بچوں کی ویکسی نیشن

July 01, 2022

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اعلان کیا ہے کہ حکومت 5 سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین ایک یا دو مہینے میں لگائے گی۔ ان کے بقول پاکستان میں پچھلے چند دنوں میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، صورتحال پریشان کن نہیں تاہم عوام کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر صحت کی پریس کانفرنس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کورونا کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ مکمل ویکسی نیشن، بوسٹر ڈوز، ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے، عید الاضحٰی پر مویشی منڈیوں، شادیوں اور نجی محافل میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے، کووڈ-19سے اپنے پیاروں کے بچاؤ کیلئے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹریز صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں۔یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں کورونا کا اومیکرون ویرینٹ کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، جس کی وجہ سے 28جون کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3فیصد سے تجاز کر گئی تھی، تاہم نئے ویرینٹ میں ہسپتالوں میں داخلے کی شرح کووڈ۔19کی پہلی تمام لہروں سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔یاد رہے کہ جس وقت کورونا کی وبا نے دنیا میں قہر مچا رکھا تھا اور ویکسین ایجادکیے جانے کے باوجود اس کی حشر سامانیوں میں کمی نہیں آرہی تھی تب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا تھا کہ اب ہمیں اس وائرس کے ساتھ جینا سیکھنا ہو گااور ابھی پچھلے ماہ بھی انہوں نے دنیا کو باور کرایا ہےکہ دنیا کے تقریباً تمام خطوں کے 70ممالک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔اس امر کا ثبوت ہمیں خود پاکستان میں کورونا کےاومیکرون ورینٹ کے کیسز میں اضافے سے ملتا ہے ،بچوں کی ویکسی نیشن ایک اچھا اقدام ہے ،تاہم ضروری ہے کہ ہم احتیاط کو گویا خود پر واجب کر لیں ۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998