ملک کے اداروں کے خلاف جنگ لڑنے نہیں نکلا، عمران خان

July 02, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کے اداروں کے خلاف جنگ لڑنے نہیں نکلا، قوم کا اداروں کو پیغام ہے، ابھی بھی وقت ہے ان چوروں سے ملک کو بچالو۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اداروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، مقدمات سے ڈرنے والا نہیں ہوں، اب قوم پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے، اداروں سے پوچھتا ہوں کرپشن کے خلاف ٹھیکہ کیا میں نے اکیلے ہی لیا ہوا ہے، کیا اداروں کو دکھائی نہیں دے رہا کرپٹ لوگ ملک تباہ کردیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عوام ان کے ساتھ نہیں، امپائر ان کے ساتھ ہیں، امپائر کے ساتھ ہونے کے باوجود میں ان کو شکست دوں گا، صرف ایک مقصد کے لیے نکلا ہوں کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت والوں، آصف زرداری، فضل الرحمان سن لو، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے، نواز شریف کے بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستان کے شہری نہیں، آصف زرداری نےصدر ہوتے ہوئے امریکا کو کہا مجھے بچالو۔

عمران خان نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، کبھی میرے ذہن میں یہ خیال نہیں آیا کہ میں پاکستان کے علاوہ کہیں او رہنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق نے سازش کر کے الیکٹڈ حکومت کو ہٹایا، شریف خاندان کا سارا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے، جیسے ہی ان کی حکومت ختم ہوتی ہے نواز شریف ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، آصف زرداری بھی بہت عرصے باہر رہے ہیں، ان کی جائیدادیں بھی باہر ہیں، ملک نیچے جاتا ہے تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے باہر ہیں، انہوں نے برطانیہ کا پاسپورٹ لیا ہوا ہے، اور کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی شہری نہیں ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جب بھارت گئے تو انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر بات اس لیے نہیں کی کہ کہیں مودی ناراض نہ ہوجائے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر اس دن دھرنا دے دیتا تو ملک میں انتشار ہوتا جس کا ان کو فائدہ ہوتا، پولیس چھاپے نہ مارتی، شیلنگ نہ کرتی تو عوام کا سمندر اسی طرح آنا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کا اداروں کو پیغام ہے، ابھی بھی وقت ہے ان چوروں سےملک کو بچالو۔