پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے امریکا سے مبینہ طور پر دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے متعلق خبریں گرم ہیں، جس سے ایسا لگتا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکا سے دوبارہ رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے؟
پی ٹی آئی نے جس امریکا پر دھمکی دینے کا الزام لگایا، مبینہ طور پر اسی کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔
سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کی جانب سے امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو سے رابطہ کرنے کی کوششوں کی خبریں گرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اوورسیز چیپٹر ڈاکٹر عبداللّٰہ ریار نے ڈونلڈ لو کو مبینہ طور پر دوستی کی پیشکش کی ہے۔
ڈاکٹر عبداللّٰہ نے امریکی سفیر کو ’Let's move on‘ چلو ماضی بھلائیں، آگے بڑھیں، کا پیغام بھیجا ہے۔
ماضی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو پر پاکستان کو دھمکی دینے اور ان کی حکومت کو گرانے کی امریکی سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔
یہاں تک کہ امریکی چینل کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ لو کو تو ان کے گھمنڈ، بدتمیزی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر برطرف کردینا چاہیے۔