عدالتی فیصلے کے باوجود پنجاب میں آئینی بحران حل ہوتا نظر نہیں آرہا، تجزیہ کار

July 03, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا ن لیگ پنجاب میں اپنی حکومت برقرار رکھ پائے گی؟ کاجواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پنجاب میں آئینی بحران حل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے، پنجاب میں پی ٹی آئی الیکشن سوئپ کرجاتی ہے تو ن لیگ اگلے الیکشن میں بھی فارغ نظر آئے گی،بینظیر شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود پنجاب میں آئینی بحران حل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے، پرویز الٰہی کو اندازہ ہے ان کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، پرویز الٰہی کی آخری وقت تک کوشش ہوگی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن نہ ہو،ضمنی انتخابات میں اگر پی ٹی آئی ہارتی ہے اور پھر دھاندلی کا الزام لگادیتی ہے تو کنفیوژن پھیل جائے گی، پنجاب اسمبلی میں نمبرز گیم اس وقت بھی حمزہ شہباز کے حق میں ہے۔ اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طریقے سے وفاق اور پنجاب میں حکومتیں ختم کرنے کی وجہ سے بحران پیدا ہوا، حمزہ شہباز جن پچیس ووٹوں سے منتخب ہوئے وہ ان کے ووٹ نہیں تھے، پنجاب کے ضمنی انتخابات ن لیگ کے ساتھ اتحادیوں کیلئے بھی بہت اہم ہیں کیونکہ پی ٹی آئی جیتتی ہے تو مرکز میں بھی ان کی حکومت چلی جائے گی۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد سیاسی لیڈر ہیں جس کی انتخابی مہم تسلسل سے چل رہی ہے۔