ایمبر ہرڈ کی وکیل کو شدید تنقید کا سامنا

July 04, 2022

ایمبر ہرڈ کی وکیل کو آج کل شدید تنقید کا سامنا ہے، فائل فوٹو

امریکی اداکارہ ایمبر ہرڈ کے اپنے سابق شوہر، اداکار جانی ڈیپ سے ہتکِ عزت کے مقدمے میں ہارنے کے بعد سے ان کی وکیل کو ہر روز کسی نہ کسی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایمبر ہرڈ کی وکیل ایلین بریڈ ہافٹ پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اپنی مؤکل کے ہتکِ عزت کے کیس کی شکست پر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب ایلین بریڈ ہافٹ کو ان کے اس بیان ’اگرچہ جانی ڈیپ نے ایمبر ہرڈ کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے، لیکن پھر بھی اداکارہ کے اس دعوے میں کہ ان کے سابقہ شوہر کی جانب سے ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، کوئی بدنیتی شامل نہیں تھی‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

ایمبر ہرڈ کی وکیل ایلین بریڈ ہافٹ کی اس دلیل کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انتہائی مضحکہ خیز اور احمقانہ قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایک برطانوی باڈی لینگویج ایکسپرٹ جیسس اینریک روزاس نے عدالت میں ایمبر ہرڈ کی نمائندگی کرنے پر ہی وکیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جیسس اینریک روزاس کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں تو ایمبر ہرڈ کی عدالت میں نمائندگی کا فیصلہ ہی مضحکہ خیز عمل تھا‘۔