عمران خان نے 35 برس قبل آج کے دن کونسی تاریخ رقم کی تھی؟

July 04, 2022

فائل فوٹو

پاکستان کو 1992ء میں ورلڈ کپ کا تحفہ دینے والے سابق کپتان عمران خان 35 برس قبل آج کے دن ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بنے تھے۔

دُنیائے کرکٹ کے لیجنڈ عمران خان نے 1987ء میں 4 جولائی یعنی آج ہی کے دن ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

عمران خان نے 1987ء میں لیڈز کے میدان میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر کلفٹن جیک رچرڈ کو آؤٹ کر کے 300 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

سابق کپتان عمران خان کا یہ ریکارڈ اُن کے ٹیسٹ کیریئر کے 68 ویں میچ میں بنا تھا۔

1987ء کے دورۂ انگلینڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز میں 5 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے تھے جن میں سے ایک میچ میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ 4 میچ بے نتیجہ رہے تھے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 1971ء میں 18 سال کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف میچ سے کیا اور جلد ہی ٹیم میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے نمایاں جگہ بنالی تھی۔

ان کی شہرت اُس وقت بلندیوں پر پہنچی جب 1982ء میں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان منتخب ہوئے، عمران خان کی ہی قیادت میں پاکستان نے پہلی مرتبہ 1992ء میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتا۔

عمران خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 88 میچ کھیلے اور37.69 کی اوسط سے 3 ہزار 807 رنز بنائے جن میں 8 سنچریاں شامل ہیں۔

وہ ٹیسٹ میچز میں 362 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ سری لنکا کے خلاف 1992ء میں کھیلا تھا۔

سابق کپتان نے 175 ون ڈے میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور 182 وکٹیں حاصل کیں۔