حمزہ کا مفت بجلی دینے کا اقدام خوش آئند ہے: شہباز شریف

July 05, 2022

فائل فوٹو

‏وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پہلےدن سے غریب ترین طبقےکو مشکل معاشی حالات سے بچانا اولین ترجیح رہی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے 100 یونٹ کے استعمال پر صارفین کو بجلی مفت دینے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’معاشی حالات بہتر ہوتے ہی ہم آپ کو مزید سہولتیں دیں گے، ان شاء اللّٰہ‘۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پنجاب میں 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی مفت دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کا خرچہ صوبائی حکومت اٹھائے گی۔

حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ضمن میں 100 ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں جن سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہو گا، ضرورت مندوں کو سولر پینل بھی بلا معاوضہ ملیں گے، مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہو گا۔