راولپنڈی میں موسلادھار بارش، پانی نشیبی علاقوں میں داخل

July 05, 2022

فائل فوٹو

راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، بارش کا پانی مری روڈ پرجمع ہوجانے کے سبب ٹریفک جام میں متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں۔

بارش کے باعث لیاقت باغ، کمیٹی چوک اور مریڈ چوک پر پانی جمع ہوجانے کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ڈھوک کالا خان میں ایمبولینس بارش کے پانی میں پھنس گئی، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ایمبولنس کو پانی سے نکالا۔

کمشنر راولپنڈی نے نالہ لئی میں طغیانی کے خدشہ کی وجہ سے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور واسا کی مشینری مسلسل حرکت میں ہے۔

پی ڈی ایم اے کو کمشنر راولپنڈی نے ہدایت جاری کی ہے کہ اپنا الرٹ سسٹم اپ ڈیٹ رکھیں اور لوگوں کو صورتحال سے بر و قت آگاہ رکھا جائے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی فوری طور پر نکال کر رپورٹ پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق شمس آباد میں11،چکلالہ میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں پر پانی کی سطح 4 فٹ اور گوالمنڈی پر 5 فٹ ہے۔