جامعہ کراچی دھماکے میں ملوث 4 ملزمان شناخت کرلیے: شرجیل میمن

July 05, 2022

فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر خود کش حملے میں ماسٹر مائنڈ سمیت 4 کردار ملوث تھے، چاروں کی شناخت کر لی گئی، دھماکے کا ایک کردار ماڑی پور سے پکڑا گیا۔

مرتضیٰ وہاب، سی ٹی ڈی اور رینجرز حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ گرفتار ملزم کراچی میں بی ایل ایف کے سلیپر سیل کا کمانڈر ہے۔

دہشت گرد زیب نے جامعہ کراچی میں ریکی کی تھی

انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد زیب نے بتایا ہے کہ ہماری اہم تنصیبات دہشت گردوں کے نشانے پر تھیں، ملزم نے جامعہ کراچی میں ریکی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی دھماکے کی ذمے داری کالعدم جماعت نے قبول کی تھی، کالعدم جماعت نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اعترافِ جرم بھی کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ دہشت گرد زیب پڑوسی ملک سے پاکستان میں داخل ہوا، گرفتار دہشت گرد خود بھی آئی ای ڈی بنانے کا ماہر ہے، دہشت گردوں کا آپس میں ٹیلی گرام کے ذریعے رابطہ ہوتا تھا۔

خودکش خاتون شاری بلوچ کا کیس نفسیاتی ٹیم بھی دیکھ رہی ہے

صوبائی وزیر کے مطابق دہشت گرد نے بتایا ہے کہ جامعہ کراچی میں دھماکا 2 کالعدم جماعتوں کا تھا، جامعہ کراچی میں دھماکا کرنے والی خاتون شاری بلوچ کا کیس نفسیاتی ٹیم بھی دیکھ رہی ہے، جس کے شوہر اور ٹرینر نے اس کی نفسیاتی کیفیت کا فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دوسرے ممالک کی مدد سے ہمارے ملک میں کارروائیاں کرتے ہیں تاکہ یہاں انویسٹمنٹ نہ آئے، دہشت گرد ہمارے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، جبکہ پاکستان ہر لحاظ سےمحفوظ ملک ہے۔

کوئی بھی یہ نہ سوچے کہ وہ ریاست سے بڑا ہے

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اس کیس میں بھی تمام اداروں نے مل کر اہم لیڈ حاصل کرلی ہے، دہشت گردوں کو قانون کے ذریعے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی، کوئی بھی یہ نہ سوچے کہ وہ ریاست سے بڑا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عدم تحفظ کا شکار خواتین کو بھی ٹارگٹ کر کے مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جامعہ کراچی دھماکے میں خاتون کے ساتھ ایک اور شخص موجود تھا، جس کی گرفتاری ہاکس بے سے ہوئی اس کی شناخت داد بخش کے نام سے ہوئی۔

جس ملک سے ملزم آیا اس ملک کا نام نہیں لینا چاہتا

ان کا کہنا تھا کہ تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے جس ملک سے ملزم آیا اس ملک کا نام نہیں لینا چاہتا، ہمارے پڑوسی ممالک دہشت گردوں کی معاونت کر رہے ہوتے تھے۔

اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ جامعہ کراچی دھماکے کے 4 کردار تھے، جنہیں ہم نے شناخت کر لیا ہے۔

لگتا ہے خاتون شاری بلوچ کی برین واشنگ کی گئی تھی

پریس کانفرنس میں موجود کرنل نصر من اللّٰہ نے بتایا کہ ماہرِ نفسیات کی ٹیم نے بھی خاتون کی ویڈیوز کو بغور دیکھا ہے، ممکنہ طور پر خاتون کو نشہ آور ادویات بھی دی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ باڈی لینگویج سے بھی لگا ہے کہ خاتون کی برین واشنگ کی گئی تھی۔