سیکیورٹی اداروں نے کراچی میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے کہا ہے کہ کراچی کو دہشت گردی کے بڑے واقعے سے بچایا ہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے کہا کہ کراچی میں خطرناک دہشت گردی کے منصوبے کی بیرون ملک پلاننگ کی گئی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے کہا کہ واقعے میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، دہشت گردوں کا تعلق کمانڈر بشیر بی ایل اے گروپ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے رئیس گوٹھ میں بارودی مواد چھپایا تھا۔ ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور 5 سلنڈر قبضے میں لیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزمان نے کراچی میں دہشت گردی کی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کی تھی، مخلتف راستوں سے بارودی مواد یہاں لاکر جمع کیا جارہا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ 2 ہزار کلو گرام سے زائد بارودی مواد برآمد ہوا جسے ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ دہشتگردوں کے پاس کمرشل بارودی مواد بھی موجود تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سیکیورٹی اداروں نے کراچی میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بلدیہ رئیس گوٹھ میں 4 ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کیا۔