برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانی فوری ویزا درخواست جمع کروائیں: برطانوی ہائی کمشنر

July 06, 2022

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ موسمِ گرما میں برطانیہ جانے کے خواہش مند پاکستانی فوری طور پر ویزا درخواستیں جمع کرا دیں۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر انگریزی اور اردو کے امتزاج سے جاری ویڈیو بیان میں ویزا میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس اور روس اور یوکرین کے مابین جنگ کے باعث ویزا کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وباء کے بعد اب حالات معمول پر آ رہے ہیں، 2 سال کی سخت پابندیوں کے بعد اب دنیا بھر سے ویزا درخواستیں بڑی تعداد میں موصول ہو رہی ہیں۔

کرسچن ٹرنر نے کہا کہ یوکرین کی صورتِ حال کے بعد وہاں کے شہریوں کو زیادہ تعداد میں ویزے دیے جا رہے ہیں جس کے باعث دیگر تمام ممالک پر دباؤ بڑھ رہا ہے اسی سبب ویزے کا حصول تعطل کا شکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال موسمِ گرما کی چھٹیوں میں تقریباً 5 لاکھ پاکستانی برطانیہ جاتے ہیں، آئندہ سال موسمِ گرما میں برطانیہ جانے کے خواہش مند افراد فوری طور پر ویزا درخواستیں جمع کرائیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویزے کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے، جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے اضافی اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے سیاحوں اور طلباء کو جلد از جلد درخواستیں جمع کروانے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ درخواستیں جمع کروانے کے بعد بائیومیٹرکس کی تصدیق کے لیے 6 ہفتوں کا انتظار کیا جائے۔