اٹک: سول مجسٹریٹ نے عمران ریاض کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا

July 06, 2022

اٹک سول مجسٹریٹ نے عمران ریاض کا کیس ایف آئی اے راولپنڈی کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

اینکر پرسن عمران ریاض خان کے کیس میں سول مجسٹریٹ یاسر تنویر نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اٹک سول مجسٹریٹ کی عدالت میں عمران ریاض کے مقدمے کی سماعت ہوئی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اپنے فیصلے میں مجسٹریٹ یاسر تنویر نے کہا کہ عمران ریاض کا مقدمہ میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس لیے معاملہ ایف آئی اے کورٹ بھیج رہا ہوں۔

اٹک سول مجسٹریٹ نے عمران ریاض کا کیس ایف آئی اے راولپنڈی کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ رپورٹ کے مطابق عمران ریاض نے الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی خلاف ورزی کی، اس نے لیے پولیس نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ رپورٹ کے مطابق عمران ریاض نے پاکستان پینل کوڈ قوانین کی خلاف ورزی کی۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ ملزم کے وکلاء اور پراسیکیوٹر کے درمیان ایریا مجسٹریٹ اٹک کی عدالت کے دائرہ اختیار پر بحث ہوئی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کیا ایریا مجسٹریٹ اٹک کے پاس ملزم کو بری یا ریمانڈ پر بھیجنے کا اختیار ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ عمران ریاض خان کو گزشتہ رات اٹک پولیس نے گرفتار کیا تھا، وزیر قانون پنجاب نے اینکر پرسن کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔