اسکاٹ لینڈ میں عید مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

July 13, 2022

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ دن کا آغاز مساجد میں پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے دعائوں سے ہوا۔ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ مساجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں۔ بعض مساجد میں کئی کئی جماعتیں ہوئیں۔ ایشیائی اکثریت کے علاقے پولک اسٹیلڈ میں بچے اور خواتین نے عیدپر رنگے برنگے ملبوس زیب تن کئے اور لوگوں نے اپنی فیملی اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ اکٹھے ہوکر ڈنر کیے اور قربانی کا گوشت کھایا۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی اس سال گلاسگو میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ عید کی نماز مرکزی جامع مسجد گاربلز میں ادا کی اور نماز کے بعد کمیونٹی کے افراد سے عید ملے۔ چوہدری محمد سرور گلاسگو کی سینٹرل مسجد کے سیکریٹری رہ چکے ہیں اور اس مسجد کی تعمیر میں انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کیا تھا۔