بھارتی طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

July 17, 2022

—فائل فوٹو

بھارتی ایئر لائن کے طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ذرائع کے مطابق بھارت کی نجی ایئر لائن کا طیارہ شارجہ سے حیدر آباد دکن جا رہا تھا۔

سی اے اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث اس کے کپتان نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

پاکستان سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجازت ملنے پر بھارتی نجی ایئر لائن کے طیارے کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا ہے۔

سی اے اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ بھارتی طیارے میں 180 مسافر سوار ہیں۔

ایئر لائن ذرائع کے مطابق بھارتی ایئر لاین کے مذکورہ طیارے نے رات 2 بج کر 20 منٹ پر کراچی میں بحفاظت لینڈ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کا شکار ہونے والا بھارتی طیارہ ایئر بس 320 ہے۔

سی اے اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی طیارے کے مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں ناشتہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سہ پہر 3 بجے تک متبادل طیارے سے مسافروں کو حیدر آباد دکن بھیجا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی طیارہ انجن میں خرابی کے وقت بحیرۂ عرب پر پرواز کر رہا تھا۔

یہ رواں ماہ دوسرے بھارتی طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ ہے، 5 جولائی کو دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی نجی طیارے نے بھی کراچی میں لینڈنگ کی تھی۔

مذکورہ بھارتی نجی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز میں 138 مسافر سوار تھے جس نے فنی خرابی پر کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔