سندھ میں بلدیاتی و ضمنی الیکشن کی تاریخ تبدیل

July 21, 2022

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 24 جولائی کے بجائے 28 اگست 2022 کو ہوگی جبکہ کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 پر ضمنی انتخاب 27 جولائی کے بجائے اب 21 اگست کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن نے مختلف امیدواروں اور پبلک کی طرف سے ان درخواستوں کا جائزہ لیا جس میں الیکشن کمیشن سے حالیہ بارشوں کی وجہ سے نقصانات اور موسمی حالات کے باعث کراچی کے ضمنی انتخاب اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات محرم الحرام کے بعد کروانے کی درخواست کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ان درخواستوں پر غور کرنے سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ طلب کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے مذکورہ بالا دنوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے آمد و رفت کے ذرائع، پولنگ اسٹیشنوں کی عمارتوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات، پولنگ کے سامان کی ترسیل، بارشوں کی وجہ سے عوام کے ووٹ ڈالنے میں دشواری اور دیگر انتظامی امور کو مد نظر رکھتے ہوئے پولنگ کی تاریخ کو ملتوی کرکے محرم الحرام کے بعد مناسب تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابات کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ووٹروں، امیدواروں کی سہولت اور انتظامی امور کی بہتری کے لئے کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔