بلدیاتی الیکشن مؤخر کرنے پر جماعت اسلامی کا عدالت جانے کا اعلان

July 21, 2022

سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے پر جماعت اسلامی نے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے اس بیان کی تردید کی کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صرف این اے 245 کے ضمنی انتخاب کا پروگرام ری شیڈول کرنے کی درخواست دی تھی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے پر جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لگتا ہے الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی ’بی‘ ٹیم بن گیا ہے، الیکشن کمیشن الزامات نہ لگائے، معافی مانگے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے متحدہ کے ساتھ مل کر شرمناک حرکت کی ہے، الیکشن کمیشن نااہلی چھپانے کے لیے ہم پر الزام نہ لگائے۔