بیٹنگ آرڈر میں رد و بدل سے پرفارمنس پر اثر پڑا: عمر امین

August 08, 2022

عمرامین— فائل فوٹو

باغ اسٹالینز کی نماندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹر عمر امین کا کہنا ہے کہ تسلسل کے ساتھ مواقع نہ ملنے اور بیٹنگ آرڈر میں رد و بدل سے پرفارمنس پر اثر پڑا۔

میڈیا سے گفتگو میں عمر امین کا کہنا ہے کہ میں اسلام آباد میں ساری ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران بطور اوپننگ بیٹسمین یا تیسرے نمبر پر کھیلا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے 14 ٹی 20 کھیلے جن میں سے 6 میچز میں تو میری باری ہی نہیں آئی۔

عمر امین نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں جب کھیلا تو ساتویں نمبر پر بھی بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ والے بیٹنگ آرڈر پر نہ کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کی پرفارمنس پر اثر پڑا۔

عمر امین نے مزید کہا کہ 2013ء میں قومی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس میچز میں کپتانی کی تھی، لیکن کسی پی سی بی آفیشل نے کبھی کپتانی کا نہیں کہا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں پر جلد ہی مخصوص فارمیٹ کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔