PTI کی 9 حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

August 10, 2022

—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کی 9 حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری سے استفسار کیا کہ الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں اس کا کوئی قانونی جواز بتائیں، قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیرِسماعت ہے، ہم تو الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں، 123 حلقوں میں الیکشن کرائیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ 123 حلقوں میں بھی الیکشن ہو جائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں، پی ٹی آئی پہلے یہ ضمنی الیکشن لڑے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔