ارجن کپور، ملائکہ سے شادی نہیں کر رہے؟

August 11, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ملائکہ اروڑا کے ساتھ جلد شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

حال ہی میں ارجن کپور نے سونم کپور کے ہمراہ کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر سمیت اپنی گرل فرینڈ ملائکہ اروڑا کے ساتھ شادی کے بارے میں بھی بات کی۔

کرن جوہر نے ارجن کپور سے اُن کی اور ملائکہ اروڑا کی شادی سے متعلق سوال پوچھا جس پر اداکار نے کہا کہ وہ جلد ہی کسی بھی وقت شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

ارجن کپور نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس چل رہا ہے لیکن میں اب اپنے کیریئر پر توجہ دینا چاہتا ہوں اور میں زندگی کے اس موڑ پر ہوں جہاں میں بہترین فلمیں کرسکوں اور ساتھ ہی کیریئر بھی بناؤں۔

اداکار نے کہا کہ میں ایک بہت ہی حقیقت پسند انسان ہوں، میں ایسا کام کرنا چاہتا ہوں جس کے کرنے سے مجھے خوشی ملے اور جب میں خوش رہوں گا تو اپنے ساتھی کو بھی خوش رکھ سکوں گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ایک خوشگوار زندگی گزارنا چاہتا ہوں اور فی الحال، شادی نہیں کرسکتا۔