آرمی چیف کا منفرد اعزاز

August 14, 2022

اقوامِ عالم کی عسکری تاریخ میں برطانوی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ کو نمایاں حیثیت حاصل ہے، اس ادارے کی ایک وجۂ انفرادیت یہ ہے کہ اس ادارے سے ہر سال مختلف ملکوں کے کیڈٹ پیشہ ورانہ تربیت مکمل کر کے عملی زندگی کا آغاز کرتے ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں، اس ادارے کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کسی بھی فوجی سربراہ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں جس سے اس ملک کی خارجہ پالیسی اور دفاعی شعبہ میں مہارت کا اعتراف کرنا مقصود ہوتا ہے۔ پاکستان کے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وطنِ عزیز کی بہادراور نڈر افواج کے ان سربراہوں میں سے ایک ہیں جن کی دفاعی مہارت کی ایک دنیا معترف ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ برطانیہ میں رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں 213کمیشنگ کورس کے علاوہ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کرنے والے اولین پاکستانی شخصیت بن گئے ہیں، انہوں نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا جب کہ رائل ملٹری کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے آرمی چیف کو سلامی بھی پیش کی گئی۔ خیال رہے کہ حالیہ کمیشنگ کورس میں 26ملکوں کے 41کیڈٹس نے شرکت کی جن میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے محمد عبداللہ اورمجتبیٰ بھی پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس میں شامل ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس پاسنگ آئوٹ پریڈ میں ملکۂ برطانیہ کی نمائندگی کی جب کہ انہوں نے پاکستان کے امن دوستی کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں افواج کا مقصد جنگوں میںحصہ لینا نہیں بلکہ جنگوں کو وقوع پذیر ہونے سے روکنا پیشِ نظر رکھا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے مسلح افواج سے خطاب کو پاکستان کیلئے اعزاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، وہ یقیناً درست کہتے ہیں جب کہ آرمی چیف کی تقریر سے بھی یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کے عزائم کبھی جارحانہ نہیں رہے جو خطے میں ہی نہیں بلکہ دنیا میں بھی امن کے فروغ کیلئے کوشاں رہا ہے۔