پنجاب حکومت ملک میں بدامنی پیدا کر رہی ہے، احسن اقبال

August 15, 2022

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت ملک میں بدامنی پیدا کر رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ انتہائی قدم اٹھائیں، پرویز الہٰی کو پتا ہوگا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی حدود کیا ہوتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی صاحب بوکھلا گئے ہیں، ثبوت سامنے آئیں گے تو عوام کو پتا چلے گا کہ عمران خان کیسے فارن فنڈنگ لے کر انتشار پھیلاتے رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان امریکا کو صبح گالی دیتے ہیں، شام کو گلدستہ بھیجتے ہیں، سیاسی میدان سجے گا تو عمران خان کو 4 سالوں کا حساب دینا ہوگا، عمران خان پاکستان کو حقیقی غلامی میں پھینک کر چلے گئے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا استدلال ہے کہ وہ کچھ بھی کریں ان سے سوال نہیں کیا جا سکتا، عمران خان 5 سال جھوٹے سرٹیفکیٹ دیتے رہے، یہ ثابت ہوچکا ہے، عمران خان کو آئین و قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان احتساب سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان اپنی مقبولیت کھو چکے ہیں، عمران خان مینار پاکستان سے ہاکی اسٹیڈیم میں سکڑ چکے ہیں، ایسی جماعتیں ہیں جو ایک نشست نہیں جیت سکتیں لیکن بڑے جلسے کر سکتی ہیں، جلسہ انتخابی کارکردگی کا پیمانہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سےقبل نواز شریف ضرور واپس آئیں گے۔