آپریشن غضب للحق کے تحت شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق موازکلے کے سرحدی علاقے میں دہشت گرد دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
کارروائی کے دوران متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے اور دیگر پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے کمپاؤنڈ اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر مکمل تباہ کر دیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر جنوبی وزیرستان سیکٹر میں افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، شوال سے زرملان تک افغان طالبان کی تمام پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا۔
پاک فوج کی بھرپور کارروائیوں سے افغان طالبان پسپائی کا شکار ہو کر فرار ہوگئے۔
آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔
عوامی حلقوں اور شہریوں نے پاک فوج کے اقدام کو سراہا اور اسے ملک میں امن کے قیام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
شہریوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع میں ہر حد تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، دشمن عناصر کے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی کوششیں ناکام رہیں گی اور افواجِ پاکستان بین الاقوامی اصولوں اور انسانی اقدار کا ہر وقت خیال رکھتی ہے۔
شہریوں نے مزید کہا کہ سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات جھوٹے اور گمراہ کن ہیں، جبکہ افغانستان کے الزامات دراصل اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے۔